کاروار:25؍ جون(ایس اؤ نیوز)سماوی آفات و حادثات کاسامنا کرنے کےلئے ضروری پیشگی اقدامات کی تیاری کولےکر جمعہ کو ضلع کے سبھی تعلقہ جات کے 48مقامات میں بیک وقت عملی مشق کا اہتمام کیاگیا ۔
موسم باراں کے شروع ہوتے ہی ضلع انتظامیہ پیشگی طورپر کئی ساری تیاریوں میں جٹی ہوئی ہے۔ سماوی حادثات پیش آنے پر کس طرح کی اور کونسی کونسی تیاریوں کی ضرورت ہے اس تعلق سے خود ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن کی قیادت و نگرانی میں عملی مشق کا تجربہ کیاگیا۔ متعلقہ عملی مسق کے تجربے میں محکمہ پولس کا وائر لیس انتطام، موبائیل فون ، ٹیلفون رابطہ کے انتظامات کا استعمال کیا گیا تھا۔ محکمہ روینیو، بھارتیہ بحریہ کاروار، حفاظتی ٹیم، محکمہ فائر برگیڈ ،محکمہ پولس ،محکمہ ہیسکام، محکمہ فوریسٹ، محکمہ آب پاشی ، محکمہ پنچایت راج جیسے اہم محکمہ جات عملی مشق تجربے میں شریک تھے۔
عملی مشق میں سیلاب کے حالات، پہاڑوں کے کھسکنے ، بجلی کے کھمبے اور بجلی لائن کٹ کر گرنے ، درختوں کے گرنے ، کیمیکل ٹینکر کے پلٹنے ، سڑک اور برج کا رابطہ بند ہونےپر کئے جانےوالے ضروری کاموں کے متعلق تجربہ کیاگیا۔ کاروار تعلقہ کے ملاپور، انکولہ تعلقہ کے شیرور، بھٹکل شہری سطح پر، یلاپور تعلقہ کے ارے بائیل گھاٹ پر، نشیبی اور پچھڑے علاقہ منڈگوڈ تعلقہ کے یربائیل ، ہلیال تعلقہ کے بھاگوتی سمیت کل 48مقامات پر عملی مشق کاتجربہ کیاگیا۔ اس موقع پر ہر ایک تعلقہ سے 04قیاسی حادثات کے وقوع پذیرہونے کو لےکر ضلع کنٹرول روم کو ، پھر اس کے بعد عوام کی طرف سےاور پولس وائرلیس کے ذریعے راست نوڈل آفیسر کو اطلاع دی گئی ۔ مختلف حفاظتی وسائل اور اشیاء اور انسانی وسائل لےکر نوڈل آفیسر جائے حادثہ پر پہنچ کر مسئلہ کو حل کرنا بھی عملی مشق میں شامل کیا گیا تھا ۔